عمران خان اور پی ٹی آئی کو اپنی کارروائیوں کا حساب دینا ہوگا، شرجیل میمن

عمران خان اور پی ٹی آئی کو اپنی کارروائیوں کا حساب دینا ہوگا، شرجیل میمن

سینیئر وزیر شرجیل میمن نے سندھ کے ترقیاتی منصوبوں اور حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سڑکوں کے نیٹ ورک کی بہتری کے لیے تیزی سے کام ہو رہا ہے، خاص طور پر ملیر ایکسپریس و شاہراہ بھٹو کی تعمیر کے باعث شہریوں کو آسان آمد و رفت کی سہولت ملے گی۔

 ان کا کہنا تھا کہ روزانہ ان سڑکوں پر ٹریفک بڑھ رہا ہے، جس سے لوگوں کی کمیونیکیشن میں آسانی پیدا ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی ریڈ لائن بس سروس میں روزانہ ایک لاکھ سے زائد مسافر سفر کرتے ہیں اور اس سروس پر حکومت روزانہ 50 روپے سے زائد کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اس سبسڈی کو کم کرنے کی بجائے اس سے بچنے والی رقم سے مزید ای وی بسیں خریدنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ عوامی ٹرانسپورٹ کی سہولت بڑھ سکے۔انرجی سیکٹر میں حکومت سندھ کی کوششوں کے حوالے سے شرجیل میمن نے کہا کہ تھر کے کوئلے کی معدنیات سستی بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال ہو رہی ہیں اور اس سے ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں۔

وزیر نے مزید کہا کہ سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ بہترین کام کر رہے ہیں اور ان کے خلاف چلنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافت کی آزادی کے لئے حکومت سندھ نے ہمیشہ صحافیوں کی حمایت کی ہے، تاہم سوشل میڈیا پر فیک خبریں پھیلانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی ضرورت ہے۔اس کے علاوہ، شرجیل میمن نے کراچی پریس کلب کے دورے کے دوران نئی باڈی کو مبارکباد دی اور کہا کہ صحافیوں کو آزادی اظہار کا حق حاصل ہونا چاہیے، لیکن جھوٹی خبریں پھیلانے والے افراد کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔