شہدا اور غازی قوم کا فخر ہیں، قربانیوں کو معمولی قرار دینا افسوسناک ہے: شرجیل میمن

شہدا اور غازی قوم کا فخر ہیں، قربانیوں کو معمولی قرار دینا افسوسناک ہے: شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غازی پوری قوم کا فخر ہیں، جبکہ ان کی عظیم قربانیوں کو کسی بھی صورت معمولی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، ملکی سرحدوں کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کا احترام ہر پاکستانی کی قومی، اخلاقی اور ذمہ داری ہے۔سندھ کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ شہدا کے اہلِ خانہ نے بھی ملک کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، اس لیے ان کے جذبات کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں اور شہدا سے متعلق گفتگو میں ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔شرجیل میمن نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں اختلافِ رائے ہر فرد کا حق ہے، تاہم سیاسی اختلافات کو قومی سلامتی اور وطن کے دفاع سے وابستہ اداروں کے احترام سے الگ رکھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی و سماجی حلقوں کو ایسی زبان سے گریز کرنا چاہیے جس سے شہدا کے خاندانوں یا قوم کے جذبات کو ٹھیس پہنچے۔ ان کے مطابق ملک کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے اہلکار قوم کے محسن ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔شرجیل میمن نے زور دیا کہ قومی یکجہتی، امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ شہدا کی قربانیوں کا احترام برقرار رکھا جائے اور ملک کے دفاع میں کردار ادا کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے۔