ایکسین کا بیلف ٹیم پر تشدد ، یرغمال بنا لیا

امجدحسین ناگرہ نے 20 ملازمین کے ہمراہ جعلی معافی نامہ پرجبری دستخط کرائے ،ملزم ویڈیوز بناتے رہے
لاہور(کرائم رپورٹر)لیسکوکوٹ لکھپت ڈویژن کے ایکسین امجدحسین ناگرہ نے 20 ملازمین کے ہمراہ عدالتی احکامات لانے والے بیلف کو ہی یرغمال بنا لیا،تشدد کرکے ویڈیو بھی بنائی۔ لیسکوکوٹ لکھپت ڈویژن کے ایکسین امجدحسین ناگرہ اوردیگر20ملازمین کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا،مقدمہ ماڈل ٹاؤن کچہری کے بیلف شفقت رفیق کی درخواست پر درج کیا گیا،مقدمے میں حبس بیجاء میں رکھنے، تشدد اور سنگین نتائج کی دھمکیوں کی دفعات شامل ہیں۔مدعی شفقت رفیق کا ایف آئی آر میں کہنا ہے کہ 9جنوری کو ایکسین کوٹ لکھپت ڈویژن کے دفتر عدالتی احکامات پہنچانے گیا، ایکسین امجد حسین ناگرہ سیخ پا ہو گیااوراپنے 20 ملازمین کے ہمراہ یرغمال بنا لیا،ملزموں نے میرے بیگ سے ہتھکڑی نکال کر مجھے لگائی اور ویڈیوز بناتے رہے،ملزموں  نے میرے نائب ناظر سخاوت کو بھی کال کر کے ہراساں کیا، 2گھنٹے تشددکانشانہ بناکرجعلی معافی نامہ پرجبری دستخط کرائے،او رمیرسروس کارڈکی فوٹوکاپی کرواکرمعافی نامہ اپنے پاس رکھ لیا،مرکزی ملزم اوراس  کے دیگرملازمین کیخلاف کارروائی کرکے انصاف دیاجائے۔