بیلف کے ذریعے بازیاب ملزم کی حفاظتی ضمانت منظور

 آر پی او شیخوپورہ کو فیروز والہ کے ایس ایچ کے خلاف انکوائری کا حکم 
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ میں گرفتاری ڈالے بغیر ملزم کو تھانے کے باہر نجی ڈیرے پر رکھنے کے کیس پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے بیلف کے ذریعے بازیاب کرائے گئے ملزم کی تین دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ جسٹس وحید خان نے محمد خالد خان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کاروباری لین دین کے تنازع پر پولیس نے مخالفین کی ملی بھگت سے بے بنیاد مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے گرفتار کر کے گرفتاری ڈالے بغیر نجی ڈیرے پر رکھا۔ عدالتی بیلف تنویر حسین نے ملزم محمد خاور کو بازیاب کرا کے عدالت پیش کیا، بیلف نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس نے ملزم کو 6 روز سے نجی ڈیرے میں رکھا تھا۔ عدالت نے ملزم کو کمرہ عدالت سے گھر جانے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے آر پی او شیخوپورہ کو تھانہ فیروز والہ کے ایس ایچ کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔ عدالت نے آر پی او کو انکوائری کی رپورٹ سے عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔