وزیراعلیٰ نے اقلیتی کارڈ کا اجراء کر دیا اقلیتیں میرے سر کا تاج ، انکے حقوق کا تحفظ میرا فرض: مریم نواز

 پچاس ہزار گھرانوں کو اقلیتی کارڈ دیا جائیگا ،  ا گلے مرحلے میں یہ تعداد75 ہزار کر دیں گے، ہر تین ماہ بعد مستحق خاندانوں کو دس ہزار روپے کی رقم ملے گی

 پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار مینارٹی کارڈ لانچ کیا گیا ، مقصد اقلیتی برادری کو کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے، جلد اقلیتوں کے لیے قبرستان بھی بنایا جائیگا  
لاہور (آن لائن) مریم نواز نے اقلیتی برادری کی معاونت کے لیے اقلیتی کارڈ کا اجرا ء کر دیا ۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے ۔ پاکستان میں اقلیتیں میرے سر کا تاج ہیں ، پچاس ہزار گھرانوں کو اقلیتی کارڈ دیا جائے گا ۔ اقلیتی کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا ا سلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے ،پاکستان کی اقلیتی برادری میرے سر کا تاج ہے ،اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے اسلام اور میرے والد نواز شریف نے ہمیشہ میری رہنمائی کی ہے ۔ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے سچے پا کستانی اورملک سے محبت کرنے والے شہری ہیں ۔ میں نے جب رمیش اروڑہ کو جب وزیر بنایا تو پوری دنیا سے تہنیتی پیغام موصول ہوئے ۔ انہوں نے کہا آج اقلیتی برادری کے لیے مینارٹی کارڈ کا اجراء کرتے ہوئے بے پناہ خوشی ہو رہی ہے ۔ حقدار کا حق حقدار تک پہنچ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ابتدائی مرحلے میں پچاس ہزار گھرانوں کو یہ کارڈ دے رہے ہیں ، ا گلے مرحلے میں یہ تعداد75 ہزار کر دیں گے ۔ اس کارڈ پر ہر تین ماہ بعد مستحق خاندانوں کو دس ہزار روپے رقم ملے گی ، اس رقم کو بھی بعد میں بڑھایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار مینارٹی کارڈ لانچ کیا گیا ہے ۔ جس کا مقصد یہ ہے کہ اقلیتی برادری کو کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقلیتوں کے لیے منفرد اقدامات کرنے جا رہے ہیں ، جلد اقلیتوں  کے لیے قبرستان بھی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ میرا فرض ہے ، کبھی اقلیتوں کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔