پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز (بی او جیز) نے حال ہی میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں اسٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر پی سی بی کے ڈائریکٹر انفرااسٹرکچر قاضی جواد نے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں۔ اس بریفنگ میں نئے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) سمیر احمد سید اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سی او او سلمان نصیر بھی شریک تھے۔اراکین بورڈ آف گورنرز نے اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت اور دیگر زیرِ تعمیر حصوں کا معائنہ کیا، جہاں انہیں جدید سہولیات اور شائقین کی آسانی کے حوالے سے جاری منصوبوں پر آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے تعمیراتی کام کے معیار اور اس کی تیزی سے تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بورڈ کے اراکین نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیم مکمل تیار ہوگا، اور شائقین کرکٹ کو بہتر تجربہ فراہم کرنے کے لیے اسٹیڈیم میں ناصرف نشستوں کی بہتری کی جارہی ہے بلکہ جدید سہولیات بھی شامل کی جارہی ہیں۔ شائقین کو بہتر ویو، وسیع پارکنگ اور صاف ستھری سہولیات میسر ہوں گی، جس سے اسٹیڈیم کا معیار بین الاقوامی سطح پر مزید بہتر ہوگا۔
اراکین نے مزید کہا کہ پی سی بی شائقین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہے اور ان ترقیاتی کاموں کے ذریعے کرکٹ شائقین کو بہترین ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔