او جی ڈی سی ایل نے خام تیل کی پیداوار میں 1160 بیرل کا اضافہ کیا

او جی ڈی سی ایل نے خام تیل کی پیداوار میں 1160 بیرل کا اضافہ کیا

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے اپنے خام تیل کی پیداوار میں قابل ذکر اضافے کا اعلان کیا ہے۔

 کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق، حیدرآباد میں واقع کنر آئل فیلڈ 12 کی یومیہ پیداوار 1060 بیرل سے بڑھا کر 1820 بیرل کردی گئی ہے، جس میں 760 بیرل کا اضافہ ہوا۔ یہ اضافہ الیکٹریکل پمپ کے استعمال کی بدولت ممکن ہوا ہے، جو کہ جیٹ پمپ کی جگہ استعمال کیا گیا ہے۔اسی طرح، کنر آئل فیلڈ 6 کی پیداوار بھی دوبارہ بحال کر دی گئی ہے، جسے آرٹیفیشل لفٹ سسٹم کے ذریعے دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔ اس فیلڈ سے 400 بیرل یومیہ تیل کی پیداوار دوبارہ شروع ہوگئی ہے، جو پہلے پانی کی زیادہ مقدار کے سبب بند کر دی گئی تھی۔ دونوں آئل فیلڈز سے مجموعی طور پر یومیہ 1160 بیرل تیل کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔او جی ڈی سی ایل کے اس اقدام سے ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی اور کمپنی کی کارکردگی میں بھی بہتری آئی ہے۔