اوپیک پلس ممالک نے تیل کی پیداوار میں معمولی اضافہ کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس کے تحت روزانہ تقریباً 137,000 بیرل اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ اس مقصد کے تحت کیا گیا ہے کہ تیل کی پیداوار کو مستحکم اور متوازن رکھا جا سکے۔ اوپیک اتحاد کے 8 اہم ارکان بشمول سعودی عرب اور روس نے اتوار کو ورچوئل میٹنگ کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ اضافہ دسمبر سے لاگو ہوگا اور آئندہ تین مہینوں تک جاری رہے گا۔اس اضافے کا مقصد اس سال اپریل سے جاری تیل کی پیداوار میں باقاعدہ اضافے میں توقف کی نشاندہی کرنا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ اضافہ مارکیٹ کی توقعات کے مطابق ہے، لیکن کچھ مبصرین اس کو ناکافی قرار دے رہے ہیں کیونکہ ان کا خیال ہے کہ مارکیٹ میں طلب اور رسد کے حالات کے پیش نظر مزید اضافے کی ضرورت ہے۔اس فیصلے سے تیل کی عالمی منڈی میں استحکام آنے کی توقع ہے، لیکن قیمتوں پر اس کے اثرات کی نگرانی جاری ہے۔