راولپنڈی (آن لائن) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے تھانہ آر اے بازار کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کی جانب سے لائسنس معطلی کے باوجود وکالت نامہ داخل کرنے پر مشال یوسفزئی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے عدالت نے مقدمہ میں استغاثہ کے مزید 4 گواہوں کی شہادت قلمبند کرنے کے بعد مقدمہ کی سماعت 25 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔ گذشتہ روز دوران سماعت سابق چیئرمین کی جانب سے جمع کروائے گئے مشال یوسف زئی ایڈووکیٹ کے وکالت نامے پر پراسیکوٹر نے اعتراض اٹھا دیا پراسکیوشن کا موقف تھا کہ مشال یوسف زئی کا لائسنس معطل ہے جس وجہ سے وہ بطور وکیل پیش نہیں ہو سکتی اس طرح عدالت کیساتھ جعلسازی کی گئی جس پر عدالت نے مشال یوسف زئی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا جبکہ استغاثہ کے 4 گواہوں کی شہادت قلمبند کرنے کے بعد سماعت 25 جنوری تک ملتوی کردی۔