ہم پہلے ہی سرحد کے دونوں جانب اپنے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں،کینیڈین وزیراعظم کی پریس کانفرنس
اوٹاوا (آئی این پی ) کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کینیڈا پر محصولات عائد کرنے پر عمل کرتے ہیں تو ان کا ملک اس کا بھرپور جواب دے گا۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے فرانسیسی زبان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر غیر منصفانہ محصولات عائد کیے گئے تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے، ہم کینیڈین شہریوں کی حمایت اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے موجود رہیں گے۔ٹروڈو کا کہنا تھا کہ امریکا میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن میں سے ایک فیصد سے بھی کم کا تعلق کینیڈا سے ہے، تاہم ہماری حکومت نے ایک ارب ڈالر سے زائد کے جامع سرحدی منصوبے کے ذریعے سرحدی سلامتی کے حوالے سے صدر کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات کو دور کرنے کے لیے پہلے ہی اقدامات کر رہی ہے، ہم پہلے ہی سرحد کے دونوں جانب اپنے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ملکر کام کر رہے ہیں۔