جعفر ایکسپریس کے حملہ آوروں کودنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائیگا ،ملک کی عزت اور وقار کو دا ئوپر لگایا جارہا ہے، آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی:وزیراعظم

ملک دشمن مہم کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا سیاسی اور عسکری قیادت کا اتفاق
 قومی بیانیہ کو نوجوانوں تک پہنچانے کیلئے فلم اور ڈراموں میں قومی موضوعات اپنائے جائیں گے،شرپسندوں کے بیانیہ کا موثر مقابلہ  کیاجائیگا،  قومی بیانیہ کے لئے ڈیجیٹل میڈیا پر بھی مواد نشر کیا جائے گا

 ڈیپ فیک اور دیگر ذرائع سے بنائی گئی جھوٹی معلومات اور مواد کا مستند معلومات سے بھرپور جواب دیا جائے ‘ قومی نصاب میں دہشت گردی کے حوالے سے آگاہی شامل کی جائے صوبوں میں تعاون بڑھایا جائیگا:اجلاس کا اعلامیہ 
جب تک پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط قلعہ نہ بنالیں اس وقت تک  بھرپور خیال رکھنا ہوگا  معاشی آزادی کے حصول تک سیاسی آزادی خواب ہوتا ہے: شہباز شریف کا  رب ذوالجلال کا احسان پاکستان تقریب سے خطاب

اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت عسکری و سول قیادت نے دوٹوک  فیصلہ کیا ہے کہنیشنل ایکشن پلان کے تحت قومی بیانیے  کو مضبوط اور  ملک دشمن مہم کا روایتی اور ڈیجیٹل طریقے سے منہ توڑ جواب د یاجائے گا جبکہ جعفر ایکسپریس کے حملہ آوروں کودنیا کے سامنے بے نقاب کرنے میں کوئی کسرنہیں چھوڑی جائے گی  ۔جاری اعلامیہ کے مطابق دہشتگردی کے خلاف حکومت کے واضح اور دو ٹوک موقف پر گزشتہ روز وزیرِ اعظم ہائو س میں اجلاس  منعقد ہوا جس میں عسکری اور سول قیادت، چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی نمائندے شریک ہوئے۔ذرائع کا  کہنا ہے کہ جلاس میں فیصلہ ہوا کہ جعفر ایکسپریس کے حملہ آوروں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے میں کو ئی کسر نہ چھوڑی جائے، روایتی اور ڈیجیٹل میڈیا پر ملک دشمن مہم کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں  نیشنل ایکشن پلان کے تحت قومی بیانیے کو مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا، یہ فیصلہ بھی ہوا کہ دہشت گردوں اور شرپسندوں کے سدباب کیلئے موثر اور سرگرم بیانیہ بنانے کی ہدایات دی جائیں گی، قومی بیانیے اور ملک کی سلامتی کے خلاف کسی بھی قسم کے مواد کا سدباب کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے ملکی سلامتی اور ہم آہنگی کیلئے تمام صوبوں کا تعاون اور آپسی روابط بڑھانے پر اتفاق ہوا، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ قومی بیانیے کو نوجوانوں تک پہنچانے کیلئے فلم اور ڈراموں میں قومی موضوعات اپنائے جائیں گے، چاروں صوبوں نے فلم اور ڈراموں میں شرپسندوں کے بیانیے کا موثر مقابلہ کرنے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ قومی بیانیے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا پر بھی مواد نشر کیا جائے، دہشت گردی کے منفی معاشرتی اثرات کو اجاگر کیا جائے، سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کا سد باب کیا جائے، ڈیپ فیک اور دیگر ذرائع سے بنائی گئی جھوٹی معلومات اور مواد کا مستند معلومات سے بھرپور جواب دیا جائے اور قومی نصاب میں دہشت گردی کے حوالے سے آگاہی شامل کی جائے۔
دریں اثناء شہباز شریف نے دہشت گردی، معاشی مسائل اور ملک کے اندر موجود تفریق کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذاتی خواہشات کے لیے قومی مفاد قربان کرنے کی سوچ قربانیوں سے بے وفائی ہے۔اسلام آباد میں رب ذوالجلال کا احسان پاکستان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کا فرض ہے کہ وہ آگے بڑھ کر پاکستان کے معاشی، معاشرتی اور دہشت گردی کا مسئلے کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ آج دہشت گردی کیخاتمے کے لیے ایک مرتبہ پھر افواج پاکستان قربانیاں دی رہی ہیں، اس کے باوجود ملک کے اندر تفریق ہے، مذہبی منافرت ہے، لسانیت کی بنیاد پر تفریق ہے، ذاتی خواہشات آگے لانے کے لیے قومی مفاد قربان کرنے کی جو سوچ ہے وہ بے وفائی ہے۔انہوں نے کہا ہم قوم کی ترقی، یک جہتی اور اتفاق کے لیے اپنے ذاتی اختلافات دفن کریں، ذاتی خواہشات قربان کریں، یہی وہ واحد راستہ ہے، جس سے پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتا ہے