عمران خان کوچند روز میں پہلا انجکشن لگایا جائیگا: طارق فضل چودھری

حکومت نے یقین دہانی کرائی   ہے  علاج کے معاملے میں مکمل شفافیت اختیار کی جائے گی 
 صحت سے متعلق معاملات کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے انسانی ہمدردی کے جذبے سے دیکھا جائے 
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا آئندہ چند روز میں  علاج کا باقاعدہ اگلا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے،صحت سے متعلق معاملات کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے انسانی ہمدردی کے جذبے سے دیکھا جائے اور افواہوں سے گریز کیا جائے۔ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس( سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ عمران خان کا علاج راولپنڈی اور اسلام آباد کے بہترین سرکاری ہسپتال میں جاری ہے جہاں ماہر ترین ڈاکٹرز کی ٹیم ان کی نگرانی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طبی ماہرین کی سفارشات اور مکمل میڈیکل چیک اپ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مخصوص ادویات اور انجکشنز کے ذریعے علاج کو آگے بڑھایا جائے تاکہ صحت کے مسائل کو موثر انداز میں قابو کیا جا سکے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کو پہلے مرحلے میں ایک خصوصی انجکشن لگایا جائے گا جبکہ تقریبا ایک ماہ بعد دوسرا انجکشن دیا جائے گا، جس کے بعد ان کی صحت میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے، عمران خان کی فیملی کو علاج کے ہر مرحلے پر اعتماد میں لیا جا رہا ہے اور انہیں تمام طبی پیش رفت سے آگاہ رکھا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ علاج کے معاملے میں مکمل شفافیت اختیار کی جائے گی۔ڈاکٹر طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت قانون اور انسانی حقوق کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قیدیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی پابند ہے