اسرائیلی آبادکاروں کے بھی مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی املاک پر حملے ،تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے 2دنوں میں 120لاشیں برآمد
غزہ (آئی این پی )غزہ میں حملے روکتے ہی اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فوجی آپریشن شروع کر دیا، فائرنگ سے 9 فلسطینی شہیدہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ جنگ بندی معاہدے کے بعد اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین شہر میں فوجی آپریشن کیا جس میں 9 فلسطینی شہید اور 40 زخمی ہوئے۔اسرائیلی آبادکاروں نے بھی مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی املاک پر حملے کیے۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے جنین کو عسکریت پسندوں کی نئی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے۔دوسری جانب حماس کے رہنما زہیر جبارین نے کہا کہ غزہ کی طرح مقبوضہ کنارے میں بھی نیتن یاہو کو شکست دیں گے۔ ادھر غزہ میں اسرائیل حماس جنگ بندی کے تیسرے روز بھی بے گھر فلسطینیوں نے تباہ حال علاقوں کی طرف واپسی کی اور امدادی سامان اور ایندھن کے ٹرکوں کی آمد بھی جاری رہی۔ دریں اثناء غزہ میں جنگ بندی کے بعد تباہ شدہ علاقوں میں عمارتوں کے ملبے سے فلسطینیوں کی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے جہاں سے اب تک 120 لاشیں ہسپتال منتقل کی جاچکی ہیں۔غزہ سول ڈیفنس کے مطابق گذشتہ روز غزہ پٹی کیاسپتالوں میں 72 فلسطینیوں کی لاشیں لائی گئی جن میں سے 68 لاشیں تباہ شدہ عمارتوں کیملبوں اور میدانوں سے اٹھائی گئی تھیں۔رپورٹ کے مطابق تباہ شدہ عمارتوںکے ملبوں اور میدانوں سے اٹھائی گئی لاشوں کی تعداد اب 120 تک پہنچ گئی ہے جب کہ ہسپتالوں میں 56 فلسطینیوں کو زخمی حالت میں بھی لایا گیا تھا۔