پنجاب پولیس کے کانسٹیبل ظفر اقبال کو سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی پر معطل کر دیا گیا ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ظفر اقبال نے پولیس یونیفارم میں خاتون کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنا کر اسے وائرل کیا۔ایس ایس پی اختر فاروق کے مطابق، کانسٹیبل ڈرائیور نے سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے نتیجے میں اسے معطل کیا گیا ہے۔ یہ اقدام آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم کے حکم پر عمل میں لایا گیا ہے، جنہوں نے ایس ایس پی ٹیلی کمیونیکیشن اختر فاروق کو معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
پنجاب پولیس کے تمام ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پولیس یونیفارم میں کسی بھی گانے یا غیر مناسب مواد کے ساتھ ٹک ٹاک بنانے سے سختی سے گریز کریں۔ پولیس کی سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔