راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی ہے۔علیمہ خان کے وکیل، محمد فیصل ملک، نے عدالت میں ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی، جس پر سینئر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ سمیت دیگر وکلاء نے مخالفت کی اور مؤقف اپنایا کہ ملزم جان بوجھ کر عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے استثنیٰ کی درخواست خارج کرنے کا مطالبہ کیا۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کرتے ہوئے علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ اس کے علاوہ، پولیس کو وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ عدالت نے سماعت کو کل تک ملتوی کیا ہے۔سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی سربراہی میں ہوئی۔