انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس میں 10 ویں بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔
عدالت میں مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔ عدالت نے علیمہ خان کی اسلام آباد اور پنجاب بھر میں ملکیتی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ علاوہ ازیں، بینک اکاؤنٹس منجمد نہ کرنے پر دو بینک منیجرز کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔علیمہ خان آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئیں، جبکہ دیگر ملزمان حاضری کے بعد روانہ ہوگئے۔ اس مقدمے کے دیگر 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے علیمہ خان کو گرفتار کرکے 17 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، اور سماعت کو ملتوی کر دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کے خلاف 9 مرتبہ وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، جن میں سے آج انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔ اس کیس میں 5 گواہان کو بھی طلب کیا گیا تھا۔وکیل صفائی فیصل ملک کا کہنا ہے کہ علیمہ خان آج بھی پیش نہیں ہوں گی اور انہوں نے مقدمے کی دہشت گردی کی دفعات کو چیلنج بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کیس دہشت گردی کی دفعات میں شامل نہیں بنتا۔