سپریم کورٹ نے دہرے قتل کے 76 سالہ مجرم محمد ممتاز کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا ہے۔
عدالت نے مجرم کی ضعیف العمر ہونے کی بنیاد پر اس رعایت دی۔سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ قتل کا واقعہ کسی منصوبہ بندی کا نتیجہ نہیں تھا، بلکہ گلی سے مویشی گزارنے کے معمولی تنازع پر خونی تصادم شروع ہوا۔عدالت نے یہ بھی کہا کہ مجرم کی اہلیہ اور مقتولہ کے درمیان ہاتھا پائی اور جھگڑے کی بنیاد پر یہ واقعہ پیش آیا، اور استغاثہ کا دعویٰ تھا کہ مجرم نے بھینس چوری کے مقدمے کی رنجش میں قتل کیا۔اسپریم کورٹ نے یہ بھی نشاندہی کی کہ استغاثہ نے بھینس چوری کی مبینہ دشمنی کا کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیا، اور آلہ قتل کی برآمدگی بھی غیر اہم ہے کیونکہ خالی خول برآمد نہیں ہوا۔
یہ واقعہ مارچ 2015ء میں سرگودھا کے علاقے ڈیرہ سودھی مری میں پیش آیا تھا، جس میں مجرم کی فائرنگ سے 2 خواتین جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا تھا۔یاد رہے کہ ٹرائل کورٹ نے 2019ء میں مجرم کو 2 بار سزائے موت سنائی تھی، اور لاہور ہائی کورٹ نے نومبر 2024ء کو سزائے موت کو برقرار رکھا تھا۔