وزیر اعلی سہیل آفریدی کی زیر صدارت کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب

وزیر اعلی سہیل آفریدی  نے کابینہ اراکین کو کھلی کچہریوں کا انعقاد کرنے کی ہدایت کر دی
پشاور(آئی این پی )وزیر اعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا کابینہ کا اہم اجلاس آج (پیرکو) طلب کر لیا گیا ۔اجلاس دوپہر ڈھائی بجے ہوگا، جس میں صوبے کے مختلف امور پر غور و خوض کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبے کے انتظامی اور ترقیاتی معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ تمام کابینہ اراکین اور متعلقہ افسران کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔دوسری جانب  وزیر اعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کابینہ اراکین کو کھلی کچہریوں کا انعقاد کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔اراکین کے نام لکھے گئے خط میں بتایا گیا وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے عوام کا احساس کے نام سے کھلی کچہریوں کا انعقاد شروع کیا ہے، عوام کے مسائل بروقت حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔خط میں مزید بتایا گیا کہ عوام کو کئی مسائل درپیش ہیں، جس کا حل کھلی کچہریوں کے انعقاد سے کیا جاسکتا ہے، ہر محکمے میں ماہانہ بنیادوں پر کھلی کچہریاں منعقد کی جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت ملے۔وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے کابینہ اراکین اور سیکریٹریز کو خط ارسال کردیا ہے۔