ٹیکساس کے ایک تفریحی پارک میں رولر کوسٹر پر پیش آنے والا واقعہ دیکھنے والوں کے لیے کسی ہالی ووڈ فلمی منظر سے کم نہ تھا، جس نے لوگوں کے دل دہلا دیے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو افراد تقریباً 130 فٹ کی بلندی پر، اچانک رک جانے والی رولر کوسٹر پر تقریباً 90 ڈگری کے زاویے سے نیچے کی طرف جھکے ہوئے ہوا میں معلق ہیں۔ منظر دیکھنے والوں کو ہالی ووڈ کی مشہور فلم فائنل ڈسٹینیشن یاد آ گیا، جس میں ایسا ہی خوفناک حادثہ دکھایا گیا تھا۔عینی شاہدین کے مطابق، رولر کوسٹر ٹریک کی انتہائی اونچی چوٹی پر رک گئی اور مسافر تقریباً ایک گھنٹے تک اسی حالت میں پھنسے رہے۔ ایک رشتہ دار نے فوری طور پر 911 پر کال کی، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور حفاظتی اقدامات کے تحت دونوں افراد کو بحفاظت نیچے اتار لیا گیا۔پارک انتظامیہ نے بعد میں وضاحت کی کہ مسافر مکمل طور پر سیفٹی ریسٹرینٹس کے ذریعے محفوظ تھے۔ انتظامیہ کے مطابق یہ رولر کوسٹر ایک ٹِلٹ کوسٹر ہے، جس میں ٹریک کا ایک حصہ جان بوجھ کر الگ اور جھکا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ تکنیکی طور پر یہ حادثہ نہیں بلکہ ایک کنٹرولڈ سیفٹی اسٹاپ تھا، اور 90 ڈگری کا جھکاؤ رائیڈ کے ڈیزائن کا حصہ ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹِلٹ رولر کوسٹرز کو دنیا کی سب سے خوفناک رائیڈز میں شمار کیا جاتا ہے، کیونکہ جب ٹرین اس جھکے ہوئے ٹریک پر رکتی ہے تو مسافروں کو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ٹریک ختم ہو گیا ہو اور اب گرنا یقینی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے مناظر سوشل میڈیا پر فوراً وائرل ہو جاتے ہیں اور لوگوں کے ذہن میں فائنل ڈسٹینیشن جیسے فلمی خدشات تازہ ہو جاتے ہیں۔واقعے کے بعد کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، لیکن یہ منظر ایک بار پھر یہ ثابت کر گیا کہ جدید تفریحی پارکس میں خوف بھی باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ حقیقت میں اکثر کہانی محفوظ انجام پر ختم ہوتی ہے، چاہے دل کی دھڑکن ایک گھنٹے تک تیز ہی کیوں نہ رہی ہو۔