انڈونیشیا کے باؤلر نے ٹی20 میں عالمی ریکارڈ بنایا

انڈونیشیا کے باؤلر نے ٹی20 میں عالمی ریکارڈ بنایا

انڈونیشیا کے فاسٹ باؤلر گیدے پریاندانا نے کرکٹ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

 وہ ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ہی اوور میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔یہ تاریخی کارنامہ انہوں نے کمبوڈیا کے خلاف پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں انجام دیا۔ 28 سالہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمبوڈیا کے مڈل اور لوئر آرڈر کو تہس نہس کر دیا۔گیدے پریاندانا نے اپنے اوور کی پہلی تین گیندوں پر مسلسل تین وکٹیں حاصل کر کے شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ ایک ڈاٹ بال کے بعد انہوں نے مزید دو کھلاڑیوں مونگ دارا سوک اور پیل وینک کو آؤٹ کر کے ایک ہی اوور میں پانچ وکٹیں مکمل کیں۔

میچ میں انڈونیشیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 167 رنز اسکور کیے، جس کے جواب میں کمبوڈیا کی ٹیم 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔واضح رہے کہ ڈومیسٹک مردوں کی ٹی20 کرکٹ میں ایک اوور میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ اس سے قبل دو مرتبہ انجام دیا جا چکا ہے، تاہم بین الاقوامی کرکٹ میں یہ اعزاز پہلی بار گیدے پریاندانا کے نام ہوا ہے۔