پاکستان کی دہشت گرد کیمپوں کے خلاف کارروائی کا بھارت کے غیر قانونی حملوں سے موازنہ غلط ہے:خواجہ آصف

پاکستان کی دہشت گرد کیمپوں کے خلاف کارروائی کا بھارت کے غیر قانونی حملوں سے موازنہ غلط ہے:خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان میں پاکستانی سرحد کے قریب کالعدم ٹی ٹی پی کے خارجی دہشت گردوں کے مستند کیمپوں کے خلاف پاکستان کی کارروائی کا موازنہ بھارت کی جانب سے بہاولپور اور مریدکے میں مساجد اور مدارس پر غیر قانونی حملوں سے کرنا سراسر غلط اور غیر مناسب ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ اقوامِ عالم اور اقوام متحدہ خود اس امر پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں کہ افغان طالبان کے زیرِ سایہ افغانستان میں دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں، جبکہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں افغانستان سے آنے والے عناصر اس کی واضح مثال ہیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے پر بھارت آج تک کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکا، جبکہ پاکستان نے اس معاملے پر غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ بھی اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ بھارتی جارحیت غیر قانونی اور بے بنیاد تھی جبکہ پاکستان کا ردعمل مکمل طور پر جائز تھا۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارت، اس کی پراکسی خوارج اور ان کے ہمدردوں کے حوالے سے کسی بھی قسم کا ابہام کل بھی دور کیا تھا اور آج بھی واضح ہے۔