وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیض حمید پر اور بھی الزامات ہیں جن پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ فیض حمید نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر مخالفین کو جیل میں ڈالا اور ملک کے ساتھ بھیانک کھیل کھیلا۔خواجہ آصف نے کہا کہ فیض حمید بانی پی ٹی آئی کے پروجیکٹ کے انچارج تھے اور کور کمانڈر کے طور پر انہیں سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کی گئی۔ ان کے بقول، آج بھی جو عناصر بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کے بیج فیض حمید نے بوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دھاندلی کے ذریعے فیض حمید کی نگرانی میں بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لایا گیا اور 4 سال تک ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔
خواجہ آصف نے الزام لگایا کہ تمام مخالفین کو فیض حمید کے ذریعے جیل میں ڈالا گیا، اور 9 مئی کی تباہی بھی انہی کی اور بانی پی ٹی آئی کی ذمہ داری تھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانا، نواز شریف کو قید کرنا، اور ن لیگ کے ورکرز کو جیل میں ڈالنا سب فیض حمید کے دماغ کی کارستانیاں تھیں۔انہوں نے افغانستان کے حالات پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے دوستوں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ افغانستان میں امن قائم ہو، اور مغربی سرحد پر جو کچھ ہو رہا ہے وہ بھارت کی وجہ سے ہے۔