لینڈ پروٹیکشن قانون کی معطلی سے عوام کو قبضہ مافیا کی حمایت محسوس ہوگی: مریم نواز

لینڈ پروٹیکشن قانون کی معطلی سے عوام کو قبضہ مافیا کی حمایت محسوس ہوگی: مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ قانون 2025 کی معطلی کا فیصلہ عوام کے مفاد کے خلاف ہے۔

انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ قانون برسوں اور دہائیوں تک چلنے والے جائیداد کے مقدمات کو 90 دن میں طے کرنے کی حد مقرر کرتا ہے اور لاکھوں اہل پنجاب کی مدد کے لیے بنایا گیا تھا۔مریم نواز نے کہا کہ عوام کی منتخب اسمبلی نے یہ قانون طاقتور لینڈ مافیا کے چنگل سے عوام کو نجات دلانے کے لیے بنایا۔ اس قانون سے پہلی بار عوام کو اپنی قانونی زمین اور جائیداد کے تحفظ کی طاقت ملی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلہ اعلیٰ عدلیہ کے طے کردہ مسلمہ اصولوں کے مطابق نہیں اور قانون کی معطلی سے قبضہ مافیا کو فائدہ ہوگا، جسے عوام مافیا کی پشت پناہی سمجھیں گے۔مریم نواز نے واضح کیا کہ زمینوں کے مقدمات میں دہائیوں کے اسٹے آرڈر چلتے ہیں، اور اس قانون کی معطلی سے حقیقی نقصان غریبوں، مسکینوں، بےکسوں، بیواؤں اور مظلوموں کا ہوگا، نہ کہ ان کی ذات کو۔انہوں نے مزید کہا کہ قانون سازی کرنا صوبائی اسمبلی کا آئینی حق ہے اور اسے کسی صورت روکا نہیں جا سکتا۔