فلم ’اواتار: فائر اینڈ ایش‘ کی ریلیز کے بعد انٹرنیٹ پر کچھ ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو گئی ہیں، جن میں بالی ووڈ اداکار گووندا کو نیلے رنگ کے ناوی کردار میں دکھایا گیا ہے۔
ان کلپس میں بعض میں گووندا اپنے مشہور مکالمے بولتے دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ کچھ مناظر میں انہیں فلم کے مرکزی کردار جیک سلی کے ساتھ اسکرین شیئر کرتے ہوئے پیش کیا گیا ہے۔ ایک وائرل تصویر میں گووندا رنگ برنگی گجراتی جیکٹ میں بھی نظر آ رہے ہیں۔یہ تمام مواد حقیقت پر مبنی نہیں ہے بلکہ مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد محض تفریح اور توجہ حاصل کرنا ہے۔ تاہم، پرانی یادوں اور مزاح کے امتزاج کی وجہ سے یہ مواد صارفین کو الجھا رہا ہے۔یہ افواہیں گووندا کے ایک پرانے انٹرویو سے جڑائی جا رہی ہیں، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں اوَاتار فلم میں کردار کی پیشکش ہوئی تھی، مگر طویل شوٹنگ اور جسم پر رنگ لگانے کی وجہ سے انہوں نے انکار کر دیا تھا۔ گووندا نے یہ بھی کہا تھا کہ فلم کا نام وہی تجویز کرنے والے تھے۔
تاہم، گووندا کی اہلیہ سُنیتا آہوجا نے ایک پوڈکاسٹ میں اس دعوے پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس پیشکش کے بارے میں کوئی واضح علم نہیں تھا۔واضح رہے کہ 2009 میں ریلیز ہونے والی اواتار کی تیسری قسط 19 دسمبر کو نمائش کے لیے پیش کی گئی، جس میں گووندا کی کوئی جھلک شامل نہیں ہے۔