بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نواز الدین صدیقی نے تقریباً 25 برس بعد تھیٹر میں واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔
نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکار ڈرامہ ’’نقاب‘‘ کے ذریعے ایک بار پھر اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گے، جہاں سے ان کے فنی سفر کا آغاز ہوا تھا۔نواز الدین صدیقی کی تھیٹر میں واپسی ان کے کیریئر کا ایک اہم اور جذباتی مرحلہ قرار دی جا رہی ہے۔ اداکار کا کہنا ہے کہ اسٹیج ہی وہ جگہ ہے جہاں انہوں نے بطور فنکار خود کو دریافت کیا اور اداکاری کی بنیادی تربیت حاصل کی۔انہوں نے کہا، "تھیٹر نے مجھے ایمانداری، صبر اور محدود وسائل کے باوجود ناظرین کے سامنے پورے اعتماد سے کھڑے ہونے کا حوصلہ دیا۔ تقریباً 25 سال بعد اسٹیج پر واپسی میرے لیے گھر لوٹنے جیسا احساس ہے۔"ڈرامہ "نقاب" کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس میں نواز الدین صدیقی اپنی بیٹی کے ساتھ پہلی بار اسٹیج شیئر کریں گے، جو اسی ڈرامے کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ رہی ہیں۔
اداکار نے اس موقع کو اپنے لیے انتہائی جذباتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک باپ کے لیے اس سے بڑھ کر خوشی کی کوئی بات نہیں ہو سکتی کہ وہ اپنی بیٹی کو اپنے فنی سفر کا آغاز کرتے ہوئے دیکھے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ناظرین ان کی بیٹی کو بھی اسی محبت اور پذیرائی سے نوازیں گے جس طرح انہیں ہمیشہ سراہا گیا۔نواز الدین صدیقی کے مطابق "نقاب" ایک سسپنس، مزاح اور غیر متوقع موڑ سے بھرپور ڈرامہ ہے، اور وہ ایک بار پھر لائیو تھیٹر کے جادو کو ناظرین کے ساتھ محسوس کرنے کے لیے بے حد پُرجوش ہیں۔