قومی ائیر لائن کی آج نجکاری
تمام انتظامات مکمل ،3 کنسورشیم حصہ لیں گے، خریدار پارٹی کو 80 ارب روپے تک کی فوری سرمایہ کاری کرنا ہوگی ، ملازمین کو ایک سال نوکری پر رکھا جائے گااور اس کے بعد تعداد کم کر دی جائے گی،نجکاری کا عمل براہ راست نشر کیا جائے گا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک )دنیا کی فضائوں پردہائیوں راج کرنے والی پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری آج ہوگی جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ بولی دہندگان کی طرف سے سربمہر بولیاں صبح 10:30 بجے جمع کرائی جائیں گی۔ سہ پہر 3:30 بجے بولی دہندگان کی موجودگی میں بولیاں کھولی جائیں گی۔نجکاری کا عمل وزیرِ اعظم کے شفافیت کے ویڑن کے مْطابق تمام ٹی وی چینلز، حکومتِ پاکستان اور پرائیویٹائزیشن ڈویڑن کے متعلقہ سوشل میڈیا ہینڈلز سے براہ راست نشر کیا جائے گا۔ نئے بزنس پلان کے مطابق ملازمین کو ایک سال نوکری پر رکھا جائے گااور ایک سال بعد ملازمین کی تعداد کم کر دی جائے گی۔ خریدار پارٹی کو 80 ارب روپے تک کی فوری سرمایہ کاری کرنا ہوگی اور جہازوں کی تعداد 19 سے بڑھا کر 40 کی جائے گی،جہازوں کی خریداری پر سیلز ٹیکس چھوٹ حاصل ہوگی۔قومی ایئر لائن کے 75 فیصد حصص فروخت کرنے سے حاصل ہونے والی رقم میں سے 92.5 فیصد پی آئی اے میں سرمایہ کاری اور 7.5 فیصد رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔ پی آئی اے کے 25 فیصد حصص حکومت کے پاس رہیں گے، کامیاب بولی دہندہ کو ادائیگی کے بعد باقی 25 فیصد حصص خریدنے کا اختیار ہوگا۔پی آئی اے کی خریداری کے لیے تین کنسورشیم بولی کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں،کنسورشیم ون میں لکی سیمنٹ، حب پاور، کوہاٹ سیمنٹ اور میٹرو وینچرز شامل ہیں، کنسورشیم ٹو میں عارف حبیب، فاطمہ فرٹیلائزر، سٹی سکولز اور لیک سٹی ہولڈنگز ہیں جبکہ کنسورشیم تھری میں ایئر بلیو پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہے،چوتھا کنسورشیم فوجی فرٹیلائزرز نیلامی کے عمل سے دستبردار ہو چکا ہے۔