مسلم لیگ (ن ) کے رکن پنجاب اسمبلی عرفان شفیع کھوکھر انتقال کر گئے

 طبیعت بگڑنے پر لاہور ڈاکٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے
لاہور(آئی این پی) مسلم لیگ  (ن ) کے  رکن پنجاب اسمبلی عرفان شفیع کھوکھر انتقال کر گئے۔مرحوم کو اچانک دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہو ا۔ذرائع کے مطابق عرفان شفیع کھوکھر کو طبیعت بگڑنے پر فوری طور پر لاہور کے ڈاکٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔وزیراعلی پنجاب کے مشیر ذیشان ملک نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹرز کی بھرپور کوششوں کے باوجود مرحوم کو بچایا نہ جا سکا۔واضح رہے کہ عرفان شفیع کھوکھر صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر کے کزن تھے اور لاہور کے حلقہ پی پی 167 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ ایک متحرک اور عوام دوست سیاستدان کے طور پر جانے جاتے تھے اور اپنے حلقے کے عوامی مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ سرگرم کردار ادا کرتے رہے