مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری حنیف جٹ انتقال کر گئے

وزیراعلیٰ مریم نواز سمیت لیگی قیادت کا اظہار افسوس،نماز جنازہ چیچہ وطنی میں ادا کی گئی 
حنیف جٹ کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر طبی امداد فراہم کی گئی ، لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے  
لاہور(آئی این پی )مسلم لیگ (ن)کے چیچہ وطنی سے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد حنیف جٹ حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے۔خاندانی ذرائع کے مطابق چوہدری محمد حنیف جٹ کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر طبی امداد فراہم کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔چوہدری محمد حنیف جٹ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 سے مسلم لیگ(ن)کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔مرحوم کی نماز جنازہ آزادی چوک اسٹیڈیم چیچہ وطنی میں ادا کی گئی جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔خیال رہے کہ چوہدری محمد حنیف جٹ نے چیچہ وطنی کی سیاست میں فعال کردار ادا کیا اور حلقے کی نمائندگی کرتے ہوئے عوامی مسائل کو پنجاب اسمبلی میں اجاگر کیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز سمیت دیگر لیگی قیادت نے رکن صوبائی اسمبلی حنیف جٹ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ، اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیا۔