آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن سردار میراکبر ن میں شامل، پانی پر اپنے حق کیلئے پاکستان آخری حد تک جائیگا
اسلام آباد (آئی این پی )آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن سردار میر اکبر نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس بات کااعلان وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کے ہمراہ آزاد کشمیر کے پارٹی رہنمائو ں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا ۔اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ حلقہ شرقی باغ سے رکن قانون ساز اسمبلی سردار میر اکبر مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر امورِ کشمیر امیر مقام نے کہا کہ ماضی میں جو ہوا وہ گزر گیا، اب ہم ایک ہیں، ہمارا قائد نواز شریف ہے۔ کشمیر کا مسئلہ ہماری اولین ترجیح ہے، کشمیر کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔ کشمیری پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں اور فرنٹ لائن پر ڈٹے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اپنے حق کیلئے پاکستان آخری حد تک جانے کے لیے بھی تیار ہے۔ کشمیر کا مقدمہ معرکہ حق کے بعد پہلی بار دنیا پر واضح ہوا ہے۔ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو مضبوط اور منظم دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔اس مو قع پر صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر مختلف حلقوں میں اپنے ساتھیوں کو واپس اپنے گھر لارہی ہے۔ کچھ لوگ جو کسی وجہ سے ہمارے ساتھ نہیں رہے تھے، ان کو ساتھ لا رہے ہیں۔ ہماری خواہش تھی سردار میر اکبر واپس مسلم لیگ ن میں آئیں اور آج وہ پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔ ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں