مسئلہ کشمیر ایک بار پھر دنیا بھر میں اجاگر ہو گیا:امیر مقام

27 اکتوبر کو یومِ سیاہ بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا:وفاقی وزیر برائے امور کشمیر
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر برائے اُمورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر کونسل میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے  کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ میں بھارت کے مظالم کے خلاف مزاحمت پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی بھارت کے مظالم جاری ہیں اور ہزاروں معصوم کشمیری شہید اور قید کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد مسئلہ کشمیر ایک بار پھر دنیا بھر میں اجاگر ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت امورِ کشمیر نے یومِ سیاہ بھرپور انداز میں منانے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کیا ہے۔ اس سال یہ دن پہلے سے زیادہ جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔