ٹیم ورک اور فائٹنگ سپرٹ قابلِ تحسین ہے ،کھلاڑی پیشہ وارانہ معیار برقرار رکھیں ،میدان کے اندر اور باہر پاکستان کے سفیر بنیں:کھلاڑیوں سے گفتگو
راولپنڈی (آئی این پی )فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے انڈر 19 ایشیا کپ میں تاریخی کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے،ٹیم کا نظم و ضبط، ٹیم ورک اور فائٹنگ سپرٹ قابلِ تحسین ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ملاقات کی ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایشیا کپ انڈر 19 جیتنے پر کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو دلی مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کی محنت اور لگن پاکستان کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کی عکاس ہے، کھلاڑی پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھیں اور میدان کے اندر اور باہر پاکستان کے سفیر بنیں۔پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، ان کی توانائی اور کردار قوم کی عالمی پہچان بنے گا،نوجوانوں کو بااختیار بنانا قومی ترقی کی بنیاد ہے،انڈر 19 ٹیم نے فیلڈ مارشل کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی پر اظہارِ تشکر کیا ،کھلاڑیوں نے اعتراف کیا کہ یہ اعزاز ان کے لیے مزید محنت اور کامیابی کی تحریک بنے گا۔