فیلڈ مارشل کی کوششوں کے بغیر مذاکرات میں پیشرفت ممکن نہ تھی پاکستان کا کردار قابلِ فخر ہے شہبازشریف
سوئٹزرلینڈ میں پہلا مذاکراتی دور کامیابی سے مکمل ہوگیا،امن مذاکرات اور سفارتکاری کے فروغ کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے تاکہ تنازعات کے پائیدار اور پرامن حل کو یقینی بنایا جا سکے
امریکہ اور ایران کی قیادت کو تعمیری مذاکرات کیلئے مسلسل عزم پر سراہتے ہیں‘ ان تمام دوست اور برادر ممالک کا شکریہ جنہوں نے اس تاریخی عمل کو آگے بڑھانے میں قیمتی تعاون فراہم کیا‘ قطر کا کردار انتہائی اہم رہا:وزیراعظم
برگن سٹاک‘اسلام آباد(آئی این پی ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سوئٹزرلینڈ کے شہربرگن سٹاک میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور کی شاندار کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کیا ہے۔فیلڈ مارشل نے برگن اسٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے مذاکراتی دور کی کام یابی پر خوشی کا اظہار کیا اور اللہ کا شکر ادا کیا۔عاصم منیر نے فریقین میں 60 روز میں حتمی معاہدے تک پہنچنے کیلئے روڈ میپ پر اتفاق کو ثالث ملک کی کام یابی قرار دیتے ہوئے کہا الحمداللہ، پاکستان کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، اور یہ کامیابی اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ملی ہے۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے ایرا ن امریکہ مذاکرات کے سلسلے میں سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں پہلی اعلی سطح کی کمیٹی کا اجلاس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیرہوگیا ، فیلڈ مارشل کی کوششوں کے بغیر ایران امریکا مذاکرات میں پیشرفت ممکن نہیں تھی، پاکستان امن، مذاکرات اور سفارتکاری کے فروغ کیلئے اپنا مخلصانہ اور مثبت کردار جاری رکھے گا تاکہ تنازعات کے پائیدار اور پرامن حل کو یقینی بنایا جا سکے۔سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں وزیراعظم ز شریف نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں منعقدہ پہلی اعلی سطح کی کمیٹی کے اجلاس کی کامیاب تکمیل کا خیرمقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں 60 دن کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لئے روڈ میپ، سیاسی نگرانی کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی کے قیام اور مزید تکنیکی مذاکرات کے آغاز پر اتفاق کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے فریم ورک کے تحت ہونے والا پہلا اعلی سطحی کمیٹی اجلاس کامیابی سے ختم ہوا۔ یہ مذاکرات مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئے اور اس دوران حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی۔شہباز شریف نے امریکا اور ایران کی قیادت کو تعمیری مذاکرات کیلئے مسلسل عزم پر سراہتے ہوئے ان تمام دوست اور برادر ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تاریخی عمل کو آگے بڑھانے میں قیمتی تعاون فراہم کیا۔انہوں نے بالخصوص قطر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں قطر کا کردار انتہائی اہم رہا۔ وزیراعظم نے مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری پر سوئس حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک کاوشوں، عزم اور ثابت قدمی نے ان مذاکرات کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی کوششوں کے بغیر یہ پیش رفت ممکن نہ تھی۔انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دفتر خارجہ کی ٹیم کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا، جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی خدمات کو بھی مذاکرات کی کامیابی میں اہم قرار دیا۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن، مذاکرات اور سفارتکاری کے فروغ کے لیے اپنا مخلصانہ اور مثبت کردار جاری رکھے گا تاکہ تنازعات کے پائیدار اور پرامن حل کو یقینی بنایا جا سکے۔