بھارتی وزیر دفاع کا بیان مسترد، کسی بھی مہم جوئی کو ناکام بنانے کیلئے تیار ہیں دفتر خارجہ

  مسئلہ کشمیر بدستور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے،راج ناتھ سنگھ کا بیان    اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ مسئلہ کشمیر سے متعلق حقائق مسخ کرنے کی کوشش ہے
عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ نوٹس لے، بھارت کوکشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرایا جائے:ترجمان دفتر خارجہ کا بیان 
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی وزیر دفاع کے بیانات کو اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ قرار د یتے ہوئے کہا ہے  کسی بھی بھارتی مہم جوئی کو ناکام بنانے کیلئے  پوری طرح پرعزم  ہیں۔دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ  بیان اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ مسئلہ کشمیر سے متعلق حقائق مسخ کرنے کی کوشش ہے، بھارت اشتعال انگیزبیانات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر پر اپنے مسلسل قبضے سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارت خطے میں دہشتگردی کی سرپرستی اور اپنے داخلی عدم استحکام سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت جارحیت اور اشتعال انگیزی کی بیان بازی کرتے ہوئے پاکستان کے عزم کو کمزور نہ سمجھے، پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے گزشتہ سال آپریشن بنیان المرصوص میں اپنے عزم کاعملی مظاہرہ کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ بھارت کے مسلسل غیرذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لے، بھارت کوکشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔