فوجی فرٹیلائزر دستبردار ، تین بولی دہندگان کنسورشیم میدان میں رہ گئے‘ بولیاں جمع ہونے کے بعد شفاف باکس میں رکھی جائیں گی
نجکاری کمیشن کا بورڈ اجلاس کر کے ریفرنس قیمت مقرر کریگا،کابینہ کمیٹی برائے نجکاری ریفرنس قیمت کی منظوری دے گی:مشیرنجکاری
اسلام آباد(آئی این پی) نجکاری کمیشن آج پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی) کی نجکاری کا عمل شروع کرنے جارہاہے، فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کے نیلامی کے عمل سے نکلنے کے بعد اب صرف تین بولی دہندگان مقابلے میں رہ گئے ۔ نجکاری کمیشن کی جانب سے جاری پروگرام کے مطابق نیلامی کی بولیاں صبح 10 بج کر 45 منٹ سے 11 بج کر 15 منٹ تک لگائی جائیں گی، جبکہ سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر بولیاں کھولی جائیں گی۔ حکومت کے فیصلے کے مطابق اس عمل کو ٹی وی نیٹ ورکس پر براہِ راست دکھایا جائے گا۔باقی رہ جانے والے تین بولی دہندگان میں ایک کنسورشیم جس میں لکی سیمنٹ لمیٹڈ، حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ، کوہاٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور میٹرو وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔ایک کنسورشیم جس میں عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ، فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ، سٹی اسکولز پرائیویٹ لمیٹڈ اور لیک سٹی ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں اور تیسرا کنسورشیم ایئر بلیو پرائیویٹ لمیٹڈ ہے۔نجکاری کمیشن کے چیئرمین اور وزیرِ اعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ نے پی آئی اے کی بولی کے عمل سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ منگل کو بولیاں جمع ہونے کے بعد انہیں ایک شفاف باکس میں رکھا جائے گا، جس کے بعد نجکاری کمیشن کا بورڈ اجلاس کر کے ریفرنس قیمت مقرر کرے گا۔اس کے بعد کابینہ کمیٹی برائے نجکاری ریفرنس قیمت کی منظوری دے گی، جو بولیاں کھولنے کے وقت اعلان کی جائے گی