پی آئی اے کی نجکاری سے ملکی معیشت کی بحالی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے‘الحمدللہ، بولی کا عمل انتہائی شفاف رہا، معیشت کے استحکام کی طرف اہم قدم ہے:وزیراعظم

 پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے  تیار ہیں‘ بلیک میلنگ کسی صورت قبول نہیں شہبازشریف 

پہلے بھی مذاکرات کی دعوت دی گئی تھی،جائز معاملات پر بات آگے بڑھ سکتی ہے،پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی ضروری ہے‘فیلڈ مار شل کوکنگ عبدالعزیز ایوارڈ  پوری قوم کیلئے اعزاز ہے:اجلاس میں گفتگو
فاقی کا بینہ نے ویزا کلیئرنس نظام کی منظوری دیدی‘ مقصد پاکستانیوں کو شفاف اور محفوظ نظام کے تحت ویزے کا حصول آسان بنانا ہے‘پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس  میں ترامیم کی بھی  منظوری دی گئی
 متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں:وزیراعظم‘مختلف شعبوں میں تعاون کو  وسعت دینے کی ضرورت ہے:سفیر یو اے ی  سالم محمد سالم البواب الزابی
اسلا م آباد(آئی این پی‘آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف  نے ایک بارپھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کیلئے  ہمیشہ تیار ہیں اور جائز معاملات پر بات آگے بڑھ سکتی ہے، تاہم مذاکرات کی آڑ میں بلیک میلنگ کسی صورت قبول نہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو   وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ  اجلاس  میں ملکی اہم سیاسی اور اقتصادی امور پر غور کیا گیا۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ میں اسمبلی میں بارہا کہہ چکا ہوں کہ پی ٹی آئی سنجیدہ مذاکرات کیلئے تیار ہے تو حکومت بھی مذاکرات کیلئے  تیار ہے، غیر قانونی مطالبات اور بلیک میلنگ کے ساتھ بات نہیں ہو سکتی۔ جو جائز معاملات ہیں، صرف ان کی روشنی میں ڈائیلاگ آگے بڑھ سکتا ہے۔ پی ٹی آئی کو پہلے بھی مذاکرات کی دعوت دی گئی تھی اور اب بھی تیار ہیں تاکہ ملکی خوشحالی کیلئے  سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی قائم کی جا سکے۔اجلاس میں وزیراعظم نے فیلڈمارشل کو سعودی عرب میں دئیے گئے کنگ عبدالعزیز ایوارڈ کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ صرف فیلڈ مارشل کا ایوارڈ نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے اعزاز ہے‘وفاقی کا بینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر ویزا کلیئرینس نظام کی منظوری دے دی۔ اس نظام کا مقصد بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو  ایک شفاف اور محفوظ نظام کے تحت انکے ویزے کے حصول کو آسان بنانا ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر آف گرڈ پاور پلانٹس لیوی ایکٹ 2025 کی توسیع تیسرے فریق کی جانب سے کیپٹیو پاور پلانٹس کو گیس کی فروخت پر بھی کرنے کی منظوری دے دی۔پبلک ٹینڈرنگ اور پروکورمنٹ کے تمام مراحل کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وفاقی کابینہ نے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس  میں ترامیم کی اصولی منظوری دی۔اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے نیشنل یونیورسٹی فار سیکیورٹی سائنسز اسلام آباد 2025  کے بل کی تنسیخ کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے قومی اسمبلی میں پرائیویٹ ممبرز بلز اور دیگر قانون سازی کے لیے مؤثر انداز میں مشاورت کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے نیشنل کینبیز کنٹرول اینڈ ریگولیٹری پالیسی  2025 کی منظوری دے دی.  اس پالیسی کا مقصد ملک میں فارماسوٹیکل اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں نباتاتی پودوں کے استعمال کا فروغ ہے۔اعلامیہ کے مطابق وفاقی کا بینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر ویزا کلیئرینس نظام کی منظوری دے دی۔ اس نظام کا مقصد بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو  ایک شفاف اور محفوظ نظام کے تحت انکے ویزے کے حصول کو آسان بنانا ہے۔
دریں اثناء وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے آئندہ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے ساتھ توانائی، معدنیات، آئی ٹی، ریلوے اور ہوا بازی جیسے شعبوں میں تعاون کو  مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم محمد شہبازشریف سے متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر، عزت مآب سالم محمد سالم البواب الزابی نے  وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں  پاکستان میں انکی حالیہ تقرری پر مبارکباد دی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی کامیاب نجکاری کے حوالے سے قوم کا شکریہ ادا کیا اور اس تاریخی اقدام پر قوم کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ کامیاب بولی ملک کی معیشت کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے وعدوں کو پورا کیا ہے۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ  ہم نے اقتدار سنبھالنے پر قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ہم ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائیں گے، اور پی آئی اے کی نجکاری اس سلسلے کا ایک اہم قدم ہے۔  انہوں نے کہا کہ اس بولی کا عمل نہ صرف انتہائی شفاف تھا بلکہ اس کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، جو ملکی معیشت کے استحکام کی طرف ایک اہم قدم ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اللہ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ  الحمدللہ، بولی کا عمل انتہائی شفاف رہا، اور اس سے پی آئی اے اور دیگر ریاستی اداروں کی نجکاری کے عمل میں اعتماد بڑھا ہے، جو ملک کی معیشت کو مزید مستحکم کرے گا۔