پشاور:پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کی 21 جنوری تک راہداری ضمانت منظور کرلی ہے۔
عدالت نے شاندانہ گلزار کو 21 جنوری تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔شاندانہ گلزار کی راہداری ضمانت سے متعلق درخواست پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم نے سماعت کی۔ شاندانہ گلزار کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار رکن قومی اسمبلی ہیں اور ان کے خلاف اسلام آباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ وہ متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتی ہیں، مگر گرفتاری کا خدشہ ہے، لہٰذا انہیں راہداری ضمانت دی جائے تاکہ وہ عدالت میں پیش ہوسکیں۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے شاندانہ گلزار کو 21 جنوری تک راہداری ضمانت فراہم کی اور متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاندانہ گلزار نے کہا کہ ایف آئی اے نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی جس پر وہ آج عدالت میں پیش ہوئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں 3 ہفتوں کے لیے رہداری ضمانت مل گئی ہے۔ شاندانہ گلزار نے یہ بھی کہا کہ ان کے خلاف جتنی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، اتنی کسی چور یا ڈاکو کے خلاف بھی نہیں ہوتی۔ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کو پی ٹی آئی سے دھیان ہٹا کر اپنے کرم پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ایم این اے کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاتی ہے تو اسپیکر کو نوٹس میں لایا جاتا ہے، مگر ان کے گھر ابھی تک کوئی نوٹس نہیں آیا۔ شاندانہ گلزار نے پاکستان میں آواز اٹھانے والوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات قائم کرنے کی مذمت کی۔