راولپنڈی: شاندانہ گلزار کے محافظ سے پولیس نے کلاشنکوف قبضے میں لے لی

راولپنڈی: شاندانہ گلزار کے محافظ سے پولیس نے کلاشنکوف قبضے میں لے لی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کو راولپنڈی کے علاقے میں پولیس نے روک لیا اور ان کے ساتھ موجود محافظ سے ایک کلاشنکوف برآمد کر کے قبضے میں لے لی۔

پولیس ذرائع کے مطابق شاندانہ گلزار کو راولپنڈی کے داہگل ناکے پر روکا گیا، جہاں چیکنگ کے دوران ان کے محافظ کے پاس موجود کلاشنکوف غیر قانونی یا بغیر لائسنس ہونے کے شبے میں قبضے میں لے لی گئی۔شاندانہ گلزار اُس وقت اڈیالہ جیل کی جانب جا رہی تھیں تاکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر سکیں، تاہم پولیس نے انہیں جیل جانے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد وہ موقع سے واپس روانہ ہو گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس واقعے کی مزید چھان بین کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ اسلحہ قانونی ہے یا نہیں، اور اگر کوئی خلاف ورزی پائی گئی تو قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے تاحال واقعے پر کوئی باقاعدہ بیان سامنے نہیں آیا۔