عمران خان کسی سے ڈیل نہیں کریں گے، شاندانہ گلزار

عمران خان کسی سے ڈیل نہیں کریں گے، شاندانہ گلزار

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما شاندانہ گلزار نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کسی سے بھی ڈیل نہیں کریں گے۔

یہ بیان انہوں نے راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے دیا۔شاندانہ گلزار کا کہنا تھا کہ کارکنوں کے حق میں بات کرنے پر ان کے خلاف دو مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کے مؤقف پر ڈٹے رہنے کی سزا دی جا رہی ہے لیکن وہ دباؤ میں نہیں آئیں گی۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان اصولوں پر سمجھوتہ کرنے والے لیڈر نہیں، وہ ہمیشہ پاکستان کے عوام اور آئین کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے سابق وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نہ صرف پاکستان کے لیے ایک امید ہیں بلکہ ان کا نظریہ ہی پی ٹی آئی کی اصل طاقت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی اسی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی بانی کسی بھی قسم کی خفیہ یا علانیہ ڈیل پر یقین نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے سیاسی جماعتوں کو باہمی احترام کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے، لیکن اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔