اللّٰہ کا شکر ہے میں سیاسی اور کور کمیٹی کا حصہ نہیں ہوں:شاندانہ گلزار

اللّٰہ کا شکر ہے میں سیاسی اور کور کمیٹی کا حصہ نہیں ہوں:شاندانہ گلزار

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے فیصلے سب کے لیے حتمی ہیں اور پارٹی کے ہر رکن کو ان فیصلوں کو تسلیم کرنا چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاندانہ گلزار نے کہا کہ "اللّٰہ کا شکر ہے میں سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی میں نہیں بلکہ پارلیمانی کمیٹی کا حصہ ہوں، بانی کا جو بھی فیصلہ آتا ہے اسے قبول کرتے ہیں۔"انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن دراصل "کھمبا الیکشن" تھا، ایسے لوگ بھی اسمبلی میں پہنچے جنہیں کوئی جانتا تک نہ تھا لیکن وہ بانی کے نام پر کامیاب ہوئے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ "ہم سب ایک ہیں، بانی پی ٹی آئی نے خود محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن اتحاد کا سربراہ اور اپوزیشن لیڈر مقرر کیا، بانی کو ایسا شخص چاہیے تھا جو کھل کر پاکستان اور آئین کا دفاع کرسکے اور سچ بول سکے۔ اگر بانی نے فیصلہ کر لیا ہے تو اس پر اعتراض کرنے کی ضرورت نہیں۔"

شاندانہ گلزار نے مزید کہا کہ اس وقت عہدوں کی جنگ لڑنے کا وقت نہیں ہے، پارٹی کے تمام اراکین اسمبلی اور سینیٹ کو بانی کے فیصلے پر متفق ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ "پی ٹی آئی میں لوگ ٹکٹوں کے لیے لڑتے رہے ہیں، انہیں سوچنا چاہیے کہ جس شخص کی وجہ سے وہ ایم این اے یا سینیٹر بنے، اس کے فیصلے کو تسلیم کرنا چاہیے۔ بانی کا فیصلہ درست ہے یا غلط، اس کا فیصلہ وقت کرے گا۔"انہوں نے دوٹوک کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ پارٹی پر لازم ہے اور کسی کو اس کے خلاف جانے کا حق نہیں۔