لکی مروت: سی ٹی ڈی کے آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک، دو فرار

لکی مروت: سی ٹی ڈی کے آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک، دو فرار

لکی مروت میں سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، جبکہ دو دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

 یہ آپریشن تھانہ گمبیلا کے علاقے شاگئی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے تحت کیا گیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت آصف علی کے طور پر کی گئی، جو کہ فتنہ الخوارج کا مقامی کمانڈر تھا اور انتہائی مطلوب خوارج انعام اللہ عرف لامبا کا اہم ساتھی تھا۔ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔

حکام کے مطابق، ہلاک دہشت گرد اور اس کے ساتھی پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ جب پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیم نے چھاپہ مارا، تو دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد جوابی فائرنگ کی گئی اور ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔ آپریشن کے دوران انعام اللہ عرف لامبا اور ولایت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

سی ٹی ڈی حکام نے اس آپریشن کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ اس کارروائی میں دہشت گردوں کا بڑا نیٹ ورک توڑنے میں مدد ملی۔