ٹورنٹو (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹہ کو کینیڈا کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ‘‘آرڈر آف کینیڈا’’سے نوازا گیا ہے۔ ڈاکٹر ذوالفقار بھٹہ کو دنیا بھر میں ماؤں اور بچوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے ان کی شاندار خدمات پر باوقار آرڈر آف کینیڈا ایوارڈ دیا گیا۔ وہ اس شعبے کے ایک سرکردہ ماہر ہیں، ان کی تحقیق نے عالمی صحت کی پالیسیوں پر نمایاں اثر ڈالا ہے۔ کراچی سے ترجمان نجی اسپتال کے مطابق ڈاکٹر ذوالفقار بھٹہ زچگی اور بچوں کی صحت کے حوالے سے عالمی سطح پر جانے جاتے ہیں، ان کی انقلابی تحقیق نے دنیا بھر میں صحت عامہ کی پالیسیوں کو تبدیل کیا۔ڈاکٹر ذوالفقار بھٹہ نے اس موقع پر کہا کہ اعزاز کے لیے بے حد شکر گزار ہوں، شاگردوں اور ساتھیوں کا بھی مشکور ہوں۔