پی پی کو پنجاب میں ن لیگ سے اتحاد کا بہت نقصان ہوا:گورنر، ڈھائی ڈھائی سال حکومت کا کہا گیا بلاول نے انکار کیا :کائرہ

مریم نواز اختلافات پھربھڑک اٹھے گورنر پنجاب سلیم حیدر خان
پاور شیئرنگ کمیٹی سیاست تکلیف دہ، اگر آئندہ بھی کسان کو مافیا کہنے والوں کا ساتھ دیں تو انکا اللہ حافظ: سلیم حیدر خان ،بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا سب سے بات کرونگا ، پی پی اور ن لیگ سے نہیں،کسانوں کو گندم کی قیمت دی جائے: قمر زمان کائرہ 
لاہور (کرائم رپورٹر)گورنرپنجاب سلیم حیدر خان نے کہا ہیکہ ن لیگ کے ساتھ اتحاد ملکی استحکام کیلئے کیا۔ پنجاب میں زرعی زمینوں پر ہائوسنگ سکیموں کا بننا قابل افسوس ہے۔ یہ بات اْنہوں نے پیپلز کسان ونگ کنونشن گجرات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ گورنر سلیم حیدر نے کہا ن لیگ سے اتحاد مجبوری کا ہے محبت کا نہیں،پیپلزپارٹی کو پنجاب میں ن لیگ سے اتحاد کا بہت نقصان ہوا۔ پاور شیئرنگ کمیٹی کمیٹی کافی دیر سے کھیل رہے ہیں۔ان میں جو سیاست چلتی ہے اس سے تکلیف ہوتی ہے۔ بطورگورنرکسی کارکن سے زیادتی نہیں ہونے دوں گا۔ پیپلزپارٹی غریب،کمزور کسانوں،مزدوروں اور سرکاری ملازمین کی جماعت ہے،ہمیشہ کاشتکاروں کیلئے آواز بلند کی ،پنجاب کے حکمران کسانوں کو مافیا کہہ رہے ہیں، اگر آئندہ بھی کسان مافیا کہنے والوں کا ساتھ دیں تو ان کا اللہ حافظ ہے۔اْنہوں نے کہا اتحادی حکومت میں ضرور ہیں لیکن جہاں زیادتی ہوگی ضرور بولیں گے۔ مری میں آپریشن پسند کا شروع کیا گیا، مری کے رہائشیوں سیزیادتیوں کے ازالہ کیلئے پیپلزپارٹی شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود زرعی اجناس امپورٹ کرنی پڑتی ہیں جو شرم کی بات ہے، حکومت پنجاب میں زرعی زمینوں پر ہائوسنگ سکیمیں بننے کا نوٹس لے۔ پنجاب حکومت کی ناقص پالیسیوں سے زراعت کا شعبہ اور کسان تباہ ہو کر رہ گئے ہیں۔ انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کیلئے زرخیز نہیں بنجر زمین کا انتخاب ہونا چاہیے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کسانوں کو گندم کی قیمت دی جائے۔ کسان ونگ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پی پی پی نے ہر دور میں کسانوں کی خدمت کی ہے، آج ملک کی بقا کا معاملہ ہے، کسانوں کو تحفظ دیا جائے۔ پی پی کے کارکن مشتعل ہیں، ہمارے قائدین کو اپنی جماعت پیاری ہے۔ہمیں یہ کہا گیا تھا ڈھائی ڈھائی سال حکومت کر لیں ، بلاول بھٹو نے انکار کرتے ہوئے انہیں حکومت دی۔انہوں نے کہا کہ مئی میں ہم نے الیکشن کا مطالبہ مان لیا تھا کہ جون کے بعد الیکشن ہونگے مگر خان صاحب نہیں مانے۔قمر زمان نے کہا کہ بانی نے کہا تھا کہ سب سے بات کروں گا مگر پی پی اور ن لیگ سے نہیں۔