روس میں یوکرین کا نائن الیون طرز پر عمارت پر ڈرون حملہ

حملے کے بعد کازان کا ایئرپورٹ عارضی تعطل کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ،روسی ایوی ایشن حکام
ماسکو (آئی این پی )روس کے شہر کازان میں یوکرین نے نائن الیون طرز پر ڈرون حملہ کرتے ہوئے ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شہر کا ایئرپورٹ بھی بند کرنا پڑا۔برطانوی خبر رساںادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی ایوی ایشن حکام نے کہا کہ یوکرین کے ڈرون حملے کے بعد کازان کا ایئرپورٹ بند کردیا گیا تھا تاہم عارضی تعطل کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔روسی میڈیا نے بتایا کہ یوکرین کا ڈرون کازان میں رہائشی عمارت سے ٹکرایا اور دیگر علاقوں پر بھی ڈرون حملہ کیا گیا، کازان دارالحکومت ماسکو سے مشرق میں 500 میل کے فاصلے واقع ہے۔روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ شہر میں تین مرحلوں میں ڈرون حملے کیے گئے، ایئرڈیفنس سسٹم نے تین ڈرونز فضا میں ہی تباہ کردیا اور دیگر تین کو الیکٹرونک وارفیئر سسٹم سے گرادیا گیا۔