نائن الیون حملوں کے بعد دو آدمی مجھے اٹھا کر بھاگ نکلے تھے : ٹرمپ

واقعہ  کے حق میں شواہد موجود نہیں،ٹرمپ کے بیان کے بعض حصے گمراہ کن ہیں: سی این این
واشنگٹن(آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ نائن الیون حملوں کے بعد ایک موقع پر 2 تنومند فائر فائٹرز انہیں اٹھا کر وہاں سے بھاگ نکلے کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ ایک عمارت ان پر گر سکتی ہے۔انہوں نے یہ واقعہ وائٹ ہائوس میں نائن الیون حملوں کے امدادی کارکنوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنایا۔ٹرمپ نے بتایا کہ وہ اپنی تعمیراتی کمپنی کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ حملے کے فورا بعد گرائونڈ زیرو پہنچے تھے۔ ان کے بقول وہاں موجود ایک عمارت کے چرچرانے کی آوازیں آرہی تھیں اور خدشہ تھا کہ وہ منہدم ہوجائے گی۔ ٹرمپ نے کہا کہ دو طاقتور فائر فائٹرز نے انہیں بازوں سے پکڑ کر اٹھایا اور وہاں سے بھاگنے لگے۔ میں نے کہا، میں خود بھاگ سکتا ہوں یار، مگر وہ بھاگتے رہے، کیونکہ انہیں لگا تھا کہ یو ایس اسٹیل کی عمارت گرنے والی تھی۔تاہم امریکی میڈیا بشمول سی این این نے اپنی رپورٹس میں قرار دیا ہے کہ نائن الیون حملوں کے حوالے سے ٹرمپ کے سنائے گئے واقعے کے حق میں شواہد موجود نہیں، جبکہ ان کے بیان کے بعض حصے گمراہ کن بھی ہیں۔سی این این نے اپنی فیکٹ چیک رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق 11 ستمبر کو حملے کے وقت ٹرمپ ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے کئی میل دور مڈ ٹان مین ہٹن میں ٹرمپ ٹاور میں موجود تھے۔