امریکی فوجی جج نے نائن الیون کے مبینہ ماسٹرمائنڈ کیساتھ ڈیل بحال کردی

استغاثہ نے سزائے موت کی درخواست نہ کی تو بدلے میں ملزمان جرم قبول کرلیں گے، رپورٹ
واشنگٹن (آئی این پی)امریکی فوجی جج نے نائن الیون کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد اور دیگر2ملزمان کے ساتھ معاہدوں کی ڈیل کو بحال کر دیا۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن نے 3ماہ قبل نائن الیون کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ اور دیگر 2ملزمان کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔ ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی کہ ائیرفورس کے کرنل اورجج میتھیو مک کال نے معاہدہ بحال کردیا ہے۔ جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تینوں ملزمان کے ساتھ معاہدے قابل عمل اور درست ہیں۔ استغاثہ کے پاس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ اپیل کریں گے یا نہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ استغاثہ کی جانب سے سزائے موت کی درخواست نہ کرنے کی صورت میں تینوں ملزمان جرم قبول کرلیں گے۔ترجمان پینٹاگون نے بیان میں کہا کہ ہم فیصلے کا جائزہ لے رہے ہیں۔