مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ محکمہ خزانہ نے ریسکیو 1122 کے لیے 22 کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
فلڈ ریلیف فنڈز کے حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 نے موجودہ سیلابی صورتحال میں فرنٹ لائن پر رہ کر متاثرہ عوام کی مدد کی۔ ان کے مطابق 2 ہزار سے زیادہ ریسکیو اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا، جبکہ آپریشنز میں 163 ریسکیو گاڑیاں استعمال کی گئیں۔مزمل اسلم نے بتایا کہ اب تک سیلابی علاقوں سے 5 ہزار 200 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ اس دوران ریسکیو 1122 نے متاثرین کی سہولت کے لیے 3 ایمرجنسی کیمپس قائم کیے، جہاں فوری طبی امداد اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
مزید کہا گیا کہ ریسکیو آپریشن میں 80 ایلیٹ ریسکیو یونٹس کا استعمال کیا گیا ہے، جبکہ جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے ساتھ 50 ریسکیورز بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ بروقت اور محفوظ امداد کو یقینی بنایا جا سکے۔مشیر خزانہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور متاثرہ عوام کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔