وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک سخت ردعمل میں کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات اور ان میں ملوث ملزمان کے حوالے سے بار بار مریم نواز پر الزامات لگائے جاتے ہیں، حالانکہ ان کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ "جس کا دل چاہتا ہے 9 مئی کے ملزمان کے گناہ مریم نواز کے کھاتے میں ڈالنے لگ جاتا ہے،" جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پنجاب میں مریم نواز کی حکومت میں تمام ادارے آزاد اور خود مختار ہیں۔ ان کے بقول یہ بانی پی ٹی آئی کی حکومت نہیں جہاں یہ طے کیا جاتا تھا کہ کس کو گرفتار کرنا ہے اور کس کو چھوڑنا ہے۔عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ 9 مئی کے مقدمات میں نامزد اور مطلوب افراد کو ہر صورت جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے، کیونکہ اشتہاری اور مفروروں کو گرفتار کرنا کسی کی خواہش نہیں بلکہ قانون کا فرض ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کور کمانڈر کے گھر پر حملہ اور ان کے یونیفارم کی توہین سنگین جرم ہے، لیکن اس کے باوجود ملزمان مظلومیت کا کارڈ کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق کور کمانڈر ہاؤس بھی کسی کا گھر ہے، وہاں بھی چادر اور چار دیواری پامال ہوئی تھی۔