بے گناہ شہریوں پر حملے کا خمیازہ بھارت کو بھگتنا ہوگا: وزیراعلیٰ مریم نواز

بے گناہ شہریوں پر حملے کا خمیازہ بھارت کو بھگتنا ہوگا: وزیراعلیٰ مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور سمیت دیگر مقامات پر بھارتی ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

 انہوں نے ان حملوں کو بزدلانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو بے گناہ شہریوں پر حملے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے 12 مختلف مقامات پر بھارتی ڈرونز کو بروقت مار گرانے پر پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ دشمن کے حملوں کا منہ توڑ جواب دینا ہمارے دفاعی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظہر ہے۔انہوں نے بروقت کارروائی کرنے پر ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو سروسز اور پاک فضائیہ کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ تمام ادارے پوری مستعدی سے کام کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے ڈرون حملوں میں زخمی ہونے والے شہریوں اور افسران کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور ان کے بہترین علاج کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے متعلقہ علاقوں کے انتظامی افسران کو زخمیوں کے علاج کی نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی۔مریم نواز نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے جذبہ قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔