میئر کا عہدہ ختم کرنا لوکل گورنمنٹ کو کمزور کرنے کے مترادف ہوگا، خواجہ سعد رفیق

میئر کا عہدہ ختم کرنا لوکل گورنمنٹ کو کمزور کرنے کے مترادف ہوگا، خواجہ سعد رفیق

لاہور: مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اسلام آباد، لاہور سمیت بڑے شہروں میں میٹروپولیٹن یا میونسپل کارپوریشن کے میئر کا عہدہ ختم کرنا لوکل گورنمنٹ سسٹم کو کمزور اور بیوروکریسی کو مضبوط کرنے کے مترادف ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میئر کا انتخاب ’ون مین، ون ووٹ‘ کی بنیاد پر براہِ راست ہونا چاہیے، جبکہ مختلف ادوار میں دیگر اداروں یا اتھارٹیز کو منتقل کیے گئے بلدیاتی اداروں کے آئینی اختیارات واپس کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ اور مالی خودمختاری دی جانی چاہیے، جبکہ صوبائی حکومتوں کو صوبائی سطح پر اختیارات کے ارتکاز کا خاتمہ کرنا ہوگا۔خواجہ سعد رفیق کے مطابق صوبائی فنانس ایوارڈ کے ذریعے مرکز اور صوبے سے حاصل ہونے والے وسائل ضلعی سطح پر منتقل کیے جانے چاہئیں۔لیگی رہنما نے سوال اٹھایا کہ اگر ایک ہی شہر میں چھ چھ اتھارٹیز ایک جیسے کام کریں گی تو نظام کیسے چلے گا؟ ان کا کہنا تھا کہ بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل کمیٹیوں، کارپوریشنز اور کینٹونمنٹ بورڈز کے علاوہ ایک ہی نوعیت کے کام کرنے والے دیگر اداروں کا وجود آئین سے متصادم ہے۔