پولیس اور محکمہ معدنیات کی کارروائی ،ایکسیویٹر مشینیں اور دیگر سامان ضبط
ملز موں کیخلاف سرکاری املاک کو نقصان اور غیر قانونی کان کنی کے الزامات
کالاباغ (خصوصی رپورٹ)دریائے سندھ سے غیر قانونی طور پر سونا نکالنے والوں کے گرد کالاباغ پولیس نے گھیرا تنگ کر دیا۔ تھانہ کالاباغ پولیس اور محکمہ معدنیات نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر پلیسر گولڈ نکالنے والوں کے ایکسیویٹر مشینیں اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا، جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، ڈی پی او میانوالی کیپٹن (ر) رائے محمد اجمل کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ کالاباغ، سب انسپکٹر ملک احسان قادر اور ان کی ٹیم نے کالاباغ کے علاقے کیکی، میرا اور ڈبکی میں دریائے سندھ کے کنارے غیر قانونی سونے کی نکاسی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔ دورانِ کارروائی، ایکسکیویٹر مشینیں اور دیگر آلات قبضے میں لیے گئے۔ملزمان پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی کان کنی کے الزامات کے تحت تھانہ کالاباغ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، دریائے سندھ کے کنارے غیر قانونی طور پر سونا نکالنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔